بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کا فیصلہ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جامع پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت، کمیٹی تشکیل

اوقاف کی اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن اورداتا دربار سے بادشاہی مسجد تک ماسٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ

منگل 22 اکتوبر 2019 23:06

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ اوقاف کی کارکردگی اور بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کے کام کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بادشاہی مسجد تاریخی مذہبی ورثہ ہے اور اس عظیم ورثے کی بحالی اور تزئین نو کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بادشاہی مسجد کی بحالی اور تزئین نو کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کے کام کو عالمی معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کے کام کیلئے کمیٹی تشکیل دی، صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی- اجلاس میں داتا دربار سے بادشاہی مسجد تک ماسٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا-اربن یونٹ ماسٹر پلان تیار کر کے رپورٹ پیش کرے گا-وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا- جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ اوقاف کی کارکردگی میں بہتری آئے گی- اجلاس میں اوقاف کی اراضی پر قبضے واگزار کرانے کیلئے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا- وزیراعلیٰ نے کہا کہ اولیاء کرام کے مزارات پر سہولتوں کو بہتر بنایاجائے گا۔

مزارات پر آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ملنی چاہئیں- صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد ، معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادااور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی-