سپریم کورٹ نے مسلم لیگی رہنماسہیل ضیاء بٹ کی بریت کیخلاف نیب کی اپیلیں خارج کردیں

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگی رہنماسہیل ضیاء بٹ کی مبینہ کرپشن کیس میںبریت کیخلاف نیب کی اپیلیں زائد العیاد ہونے کے باعث خارج کردیں،عدالت نے کہا ہے کہ کیا نیب چاہتا ہے غلط کام پورا نہ کرنے پر بھی نامزد شخص کوسزا ہو،بدھ کوچیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرنیب کے پراسیکورٹر نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ اپیلیں زائد المعیاد ہیںتواس معاملے میںاٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرلز دو ماہ میں اپیل دائر کر سکتے ہیں، کیونکہ نیب بھی ریاستی ادارہ ہے اس لئے اپیل کیلئے سپریم کورٹ رولز میں ترمیم ہونی چاہیے، جس پرچیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ کے رولز میں ترمیم کیلئے نیب نے کوئی درخواست ہی نہیں دی اور اب کیا نیب چاہتا ہے کہ غلط کام پورا نہ کرنے پر بھی ملزم کو سزا ہو،جس پر پراسیکوٹر نیب کاکہناتھاکہ سہیل ضیاء بٹ نے غیرقانونی طور پر پیسے وصول کئے تھے لیکن کام بھی نہیں کیا تھا،چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں اس طرح تو منگل باغ کے پاس بھی لوگ پیسے دیکر کام کروانے کیلئے جاتے تھے، سوال یہ ہے کہ جن لوگوں نے غیرقانونی کام کروایا وہ سب بری ہوگئے ہیں تو سہیل ضیاء بٹ کو بھی کسی عدالت نے سزا نہیں دی ہے، بعدازاں عدالت نے نیب کی اپیلیں زائدالعیاد ہونے کی بناء پرخارج کردیں۔