اٹک، انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ڈی سی اٹک کی زیرصدارت اہم اجلاس

جمعہ 25 اکتوبر 2019 15:55

اٹک، انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ڈی سی اٹک کی زیرصدارت اہم اجلاس
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2019ء) انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن محکمہ پرا سیکیوشن پنجاب محمد شاہد نے اجلاس کی صدار ت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ضیغم نواز چوہدری، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ،چیف افسران میونسپل کمیٹی،محکمہ صحت ،تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے شر کت کی۔

اجلاس میں شر کاء کو ڈینگی کے حوالے سے تفصیلی بر یفنگ دی گئی ۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری محمد شاہد نے کہا کہ اٹک میں ڈینگی کی وبا کو بر وقت حفاظتی انتظامات کر تے ہوئے کنٹرول کر لیا گیا ہے اوراس مر ض کے مر یضوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نگرانی میں ڈینگی کو کنٹرول کر نے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی مہم کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لمحہ بہ لمحہ حالات کا جائزہ لے رہی ہیں اور اس ضمن میں تمام رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جارہی ہے۔ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈینگی کے مر ض کے متعلق عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے اور انہیں بتایا جائے کہ یہ مر ض بروقت موثر علاج سے دور کیا جاسکتا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری محمد شاہد کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں تمام متعلقہ محکمے بھر پور آگاہی مہم چلا رہے ہیں اور اس مہم کے لیے خصوصی سیمینار ،واکس اور دیگر اقدامات کیے جارہے اور ان اقدامات کے متعلق بھی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جارہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع اٹک میں ڈینگی مہم کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں ۔

ضلعی اور تحصیل سطع پر ڈینگی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ہفتہ وار ڈینگی اجلاسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اور ان اجلاسوں میں تمام محکموں کی ڈینگی سے متعلق کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے ضلع اٹک میں مجموعی طور پر کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کااظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔