پنک ربن مہم، سٹیٹ بینک آف پاکستان کی عمارت نے گلابی رنگ اوڑھ لیا

منگل 29 اکتوبر 2019 14:55

پنک ربن مہم، سٹیٹ بینک آف پاکستان کی عمارت نے گلابی رنگ اوڑھ لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2019ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی عمارت نے پنک ربن کی حمایت میں گلابی رنگ اوڑھ لیا، پنک ربن 2004ء سے بریسٹ کینسر کی روک تھام اور اس سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے کام کر رہی ہے، پنک ربن مشہور عمارتوں کو گلابی رنگ میں ڈھال کر بڑے پیمانے پر لاکھوں افراد کو اس بیماری سے متعلق آگاہ کررہی ہے۔

پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو مسٹر عمر آفتاب کہتے ہیں کہ ہم سٹیٹ بینک آف پاکستان کو گلا بی کرنے پر خوش ہیں۔ عمر آفتاب نے خیر مقدمی تقریر کی اور بریسٹ کینسر کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور گلابی روشنی کو روشن کرنے کے لئے بٹن دبائیں۔

(جاری ہے)

گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے اس خطرناک بیماری سے آگاہی بڑھانے کے لئے پنک ربن پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ایشیاء میں پاکستان میں بریسٹ کینسر کی شرح سب سے زیادہ ہے اور ہر سال ہزاروں خواتین اس بیماری سے مر رہی ہیں لہذا ہمیں چھاتی کے کینسر سے مرض کو روکنے کے لئے ابھی عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کی تعریف کرتا ہوں کہ سرکاری شعبہ جات پنک ربن کے ذریعے بیداری کی سرگرمیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

نجی شعبے کو بھی ان کی سماجی ذمہ داری کے پروگراموں کے ذریعے ، پنک ربن جیسی این جی اوز کی حمایت کرنی چاہئے ، جو کہ زندگیاں بچانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر عمر آفتاب نی ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پاکستانی خواتین جن کو چھاتی کا کینسرہونے کا خدشہ لاحق ہے کے لئے تشویش ظاہر کرنے اور گلابی روشینوں سے جگمگانے پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنک ربن کا مشن پاکستان سے بریسٹ کینسر کا خاتمہ ہے اور اس کے نتیجے میں خواتین کی شرح اموات میں کمی لانے کے لیے شعور پیدا کیا جارہا ہے اور لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کی جارہی ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پنک ربن پاکستان کا پہلا بریسٹ کینسر ہسپتال تعمیر کر رہا ہے اور مستقبل میں مزید تعمیرات کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :