بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان

سمندری طوفان ماہا مزید شدت اختیار کر گیا، ماہی گیروں اور دیگر لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی تلقین، ملک کے دیگر اور بیشتر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 5 نومبر 2019 22:12

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر2019ء) بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان، سمندری طوفان ماہا مزید شدت اختیار کر گیا، ماہی گیروں اور دیگر لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی تلقین، ملک کے دیگر اور بیشتر علاقوں میں بھی بارش کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان ماہا آگے بڑھنے لگا، ماہا طوفان کراچی سے 675 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے گرد 160 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

جبکہ مرکز میں ہوا کی رفتار200کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طوفان کے باعث کراچی شہر کو تو کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ایس باعث ماہی گیروں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ چند روز کیلئے سمندر کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ دوسری جانب راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں اکثر مقامات، زیریں خیبرپختونخوا اور بالائی/وسطی پنجاب کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے بلند پہاڑوں پر برف باری جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔