تہرے قتل کے مجرم کو کل سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی جائے گی

بدھ 6 نومبر 2019 16:50

تہرے قتل کے مجرم کو کل سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی جائے گی
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) سرگودھا کے علاقے بھیرہ کے نواحی قصبہ کیسو پور کے تہرے قتل کے مجرم کو آ ج ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں پھانسی دی جائے گی۔اس سلسلے میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر سٹی مجسٹریٹ کو پھانسی گھاٹ پر ڈیوٹی آفیسر مقرر کر دیا گیاہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے جاری ڈیٹھ وارنٹ پر مجرم کی پھانسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق سرگودھا کے علاقے کیسو پور آہلی میں زمین کے تنازعے پر 15 اپریل 2005 ء کو امجد علی نے سر ِعام فائرنگ کر کے محمد اسلم کو قتل کر دیااور بعد ازاں مقتول کی دیوار پھلانگ کر اس کے بھائی محمد رمضان اور بہن کوثر پروین کو بھی موت کے گھاٹ اتا ر دیا تھا ، واقعے میں مقتولین کی بہن بشیراں بی بی زخمی ہوئی تھی ۔پولیس نے تہرے قتل کے مقدمے میں دہشتگردی اور اقدام ِقتل کی دفعات شامل کرکے چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا ۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج گل شاد حسین علوی نے امجد علی کو موت کی سزا کا حکم سنایا تھا جو اعلیٰ عدالتوں نے بھی برقرار رکھی اور صدرِ مملکت نے بھی رحم کی اپیل مسترد کر دی ۔صدر نے تین مرتبہ مجرم کو لواحقین کے ساتھ صلح کا موقع بھی دیا لیکن ورثاء نے صلح سے انکار کر دیا ۔