گوجرانوالہ، سب انجینئرز کی ہڑتال سے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام بند

ہفتہ 9 نومبر 2019 18:42

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) سب انجینئرز کی ہڑتال سے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام بند‘ورکنگ سائٹس پر کام بند ہونے کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ سب انجینئرز کی طرف سے بل نہ بنائے جانے کی وجہ سے ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں بھی نہیں ہو پا رہیں، جس کی وجہ سے لیبر شدید پریشانی کا شکار ہے ‘مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

ذرائع کے مطابق ترقیاتی محکمہ جات ہائی ویز‘بلڈنگز‘میونسپل کارپوریشن‘پبلک ہیلتھ انجینئرنگ‘واسا اور لوکل گورنمنٹ کے سب انجینئرز نے گذشتہ دس روز سے اپنے مطالبات ٹیکنیکل الائونس‘اپ گریڈیشن اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے حق میں ہڑتال کی ہوئی ہے اور کسی بھی قسم کا کوئی بھی کام نہیں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عہدیداران سب انجینئرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ مبشر بٹر صدر اور خالد وڑائچ جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ روز اول سے سب انجینئرز کلاس کو انکے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ تمام مراعات بیوروکریٹ ہڑپ کرتے رہے ہیں حالانکہ کسی بھی پراجیکٹ کے تخمینے سے لیکر تکمیل تک تمام کام سب انجینئر ہی سر انجام دیتا ہے اب کہ سب انجینئرز اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے بیدار ہو چکے ہیں لہذا اپنے جائز اور حقیقی مطالبات کی منظوری تک یہ ہڑتال جاری رہے گی۔