ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جشن میلادالنبی ؐروایتی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا

جلسو کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ،مخدوم ابوالحسن گیلانی ،سید تنویرالحسن گیلانی ،سابق صوبائی وزیراورسینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی نے کی

پیر 11 نومبر 2019 15:07

ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جشن میلادالنبی ؐروایتی جوش وجذبے اورعقیدت ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جشن میلادالنبی ؐروایتی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا۔اس موقع پرملتان میں مختلف مقامات سے میلادریلیاں اورجلوس نکالے گئے ۔جن میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔شہرکی گلیوں ،بازاروں اورمختلف عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایاگیاتھا۔

ملتان سے میلادالنبیؐکامرکزی جلوس ہرسال کی طرح انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام نکالاگیا۔کنڈرگارڈن سکول دولت گیٹ سے نکالے جانے والے اس 91ویں سالانہ جلوس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ،دربارحضرت موسیٰ پاک شہیدکے سجادہ نشین مخدوم ابوالحسن گیلانی ،سید تنویرالحسن گیلانی ،سابق صوبائی وزیراورسینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی اور یزدانی گیلانی نے کی ۔

(جاری ہے)

جلوس میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاویدانصاری ،اطلاعات کے پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی ،ایم پی اے علی حیدر گیلانی ،ایم پی اے نسیم لابرنے بھی شرکت کی ۔یہ جلوس حسین آگاہی ،پاک گیٹ ،چوک شہیداں سے ہوتاہواگھنٹہ گھر کے راستے واپس دولت گیٹ آکراختتام پذیرہوا۔محلہ دائودجہانیاں سے مرکزی نعت خوان کونسل کے زیراہتمام بھی عیدمیلاد کاجلوس نکالاگیاجس میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے بھی شرکت کی ۔

یہ جلوس بعدازاں انجمن اسلامیہ کے مرکزی جلوس میں شامل ہوگیا۔جلوس کے راستوں میں مختلف مقامات پرسبیلیں لگائی گئیں تھیں اورشرکاء میں لنگرتقسیم کیاجاتارہا۔مختلف مقامات پراستقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے تھے جہاں جلوس کے شرکاء کی دستاربندی کی گئی ۔عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پرملتان میں تمام اہم عمارتوں ،بازاروں اورگلیوں محلوں میں چراغاں بھی کیاگیاتھا۔