روس کے تاریخ دان کے بیگ سے اُس کی گرل فرینڈ کا بازو برآمد

تاریخ دان اپنی گرل فرینڈ کے بازو کو دریا میں بہا رہا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 نومبر 2019 10:53

روس کے تاریخ دان کے بیگ سے اُس کی گرل فرینڈ کا بازو برآمد
روس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2019ء) : معروف روسی تاریخ دان کے بیگ سے گرل فرینڈ کا بازو برآمد ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق معروف روسی تاریخ دان ''اولیگ سوکولو'' کے بیگ سے اُن کی گرل فرینڈ کا کٹا ہوا بازو بر آمد ہوا ، جسے وہ دریا میں بہا رہے تھے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 63 سالہ ''اولیگ سوکولو'' جو کہ روس کے ایک معروف تاریخ دان ہیں، انہوں نے اپنی 24 سالہ گرل فرینڈ ''انستاسیہ یشچنکو'' کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

اولیگ سوکولو کے وکیل نے بتایا کہ انہوں نے اعتراف دریا میں ایک بیگ کے ساتھ نکالے جانے پر کیا تھا۔اس حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اولیگ سوکولو شراب کے نشے میں دھت نوجوان خاتون کی لاش کے ٹکڑوں کو دریا میں بہارہے تھے کہ خود بھی دریا میں گرگئے، جس پر انہیں باہر نکالا تو ساتھ ہی اُن کا ایک بیگ بھی برآمد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بیگ کی تلاشی لینے پر ان کے بیگ سے ایک کٹا ہوا بازو برآمد ہوا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے اُن کے گھر کی تلاشی لی تو ان کی رہائش گاہ سے اُن کی 24 سالہ گرل فرینڈ یشچنکو کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی۔ اولیگ کے وکیل ''الیگزنڈر پوچیوے'' نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولیگ اپنے کیے پر نادم و شرمندہ ہیں اور تفتیش میں پوری طرح تعاون کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ روس کے معروف تاریخ دان اولیگ اور اُن کی گرل فرینڈ یشچنکو دریائے موئکا کے قریب ایک فلیٹ میں تقریباً تین سال سے رہ رہے تھے۔ یہ دونوں فرانسیسی تاریخ کے ماہر تھے جبکہ یشچنکو سینٹ پیٹرسبرگ یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ کی طالب علم تھیں اور ان دونوں نے مشترکہ طور پر کئی تصانیف مرتب کیں۔ دوران تفتیش پولیس کو دئے گئے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ میں نے یشچنکو کے ساتھ جھگڑے کے بعد انہوں نے اس کو قتل کر دیا اور مقتولہ کے جسم کے ٹکڑے کر دیے۔

انہوں نے بتایا کہ میرا ارادہ تھا کہ لاش کو ٹھکانے لگانے کے بعد میں نپولین کا لباس زیب تن کر کے خود بھی سرِ عام خود کشی کر لوں گا۔ واضح رہے کہ تاریخ دان اولیگ سوکولو کو فرانس میں اعلیٰ ترین سویلین اعزاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔