بسمعہ معروف قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار، اقبال امام ہیڈ کوچ مقرر

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے،آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گی، کپتان بسمعہ معروف

بدھ 13 نومبر 2019 13:45

بسمعہ معروف قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار، اقبال امام ہیڈ کوچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمعہ معروف کو خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے اور اقبال امام کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور کوچ کی تقرری آئندہ سال آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک کے لیے کی گئی ہے۔ ایونٹ21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں جاری رہے گا۔


آسٹریلیا روانگی سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ ملائشیا میں شیڈول ایک روزہ سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی جائے گی۔
15 ایک روزہ اور 33 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والی بسمعہ معروف کی بطور کپتان جیت کا تناسب 2.5ہے۔

(جاری ہے)

28 سالہ خاتون کرکٹر تاحال پاکستان کی جانب سے 105 ایک روزہ اور 103 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کرچکی ہیں۔بسمعہ معروف نے 2016 میں دورہ انگلینڈ کے دوران پہلی بار قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔
بطور کرکٹر 15 سالہ ڈومیسٹک کیرئیر میں اقبال امام نے 147 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ 1989 سے 2005 تک مشتمل کیرئیر میں اقبال امام نے 6249 رنز اور 136 وکٹیں حاصل کیں۔


سابق کرکٹر اقبال امام کورواں سال اپریل میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ ہیڈ کوچ مارک کولز کے مستعفی ہونے کے بعد اقبال امام کو بنگلہ دیش کے خلا ف سیریز کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا تھا۔
بسمعہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
کپتان بسمعہ معروف کاکہنا ہیکہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی۔


بسمعہ معروف نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی متاثر کن رہی ہے اور تمام کرکٹرز بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، آئندہ سال شیڈول ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم بہترین نتائج دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔
عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور رکن کرکٹ کمیٹی:
چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور رکن کرکٹ کمیٹی عروج ممتازکا کہنا ہے کہ وہ بسمعہ معروف اور اقبال امام کو ان کے عہدوں پر تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتی ہیں۔


عروج ممتاز نے کہاکہ میگا ایونٹ میں اپنے ملک کی قیادت کرنا کسی بھی کرکٹر کا خواب ہوتا ہیاور ان کی رائے میں بسمعہ معروف اس عہدے کے لیے سب سے اہل کرکٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بسمعہ معروف کے پاس تجربہ ہے اوروہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بہترین قائد بھی ثابت ہورہی ہیں۔
عروج ممتاز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں بسمعہ معروف کیوسیع تجربے کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔


اقبال امام:
اقبال امام کا کہنا ہیکہ وہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے پر مسرور ہیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم دن بہ دن ترقی کررہی ہیاور اس کی حالیہ مثال نئی باصلاحیت کرکٹرز کی قومی خواتین اسکواڈ میں شمولیت ہے۔
اقبال امام نے کہا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز برابررہی تھی۔


انہوں نے کہا کہ قومی ویمنز اسکواڈ میں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں اور وہ ان سے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ بسمعہ معروف اور اقبال امام نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کپتان اور ہیڈ کوچ کی موجودگی میں مزید ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔


چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ اپریل سے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ میں موجود اقبال امام اس عہدے کی ضروریات کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدے کے خواہشمند افراد میں اقبال امام سب سے بہترین تھے۔
وسیم خان نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں اقبال امام کی زیرنگرانی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا امید ہے کہ وہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔


آئندہ سال ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کپتان اور کوچ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2021 سے قبل کوئی سیریز شیڈول نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ 30 جنوری سے 20 فروری 2021 تک جاری رہے گا۔
پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

شیڈول:
9 دسمبر: پہلا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)
12 دسمبر: دوسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)
14 دسمبر: تیسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)
17دسمبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول
19 دسمبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارا اکیڈمی اوول
20 دسمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ ، پاکستان بمقابلہ انگلیند بمقام کنرارا اکیڈمی اوول
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020:
26فروری 2020: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
28 فروری 2020: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
یکم مارچ 2020: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ افریقہ
3مارچ 2020: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر ٹو