چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کریگا ،خادم حسین

بدھ 13 نومبر 2019 16:57

چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے پنجاب حکومت کی طرف سے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اجراء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئیگا جس سے صنعتی شعبہ ترقی کریگا ،ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خادم حسین نے کہا کہ سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا۔نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔ پروگرام کے تحت کاٹیج انڈسٹریز کیلئے 30کروڑ مختص کئے گئے ہیں اور اس شعبہ میں3لاکھ تک قرضہ دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

قرضے کی واپس 3برس میں ہوگی۔ سمال انٹرپرائزز کیلئے 6ارب مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت30لاکھ تک کا قرضہ فراہم کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ لون مارک سپورٹ پروگرام کیلئے 3ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرضہ ملے گاجو خوش آئند اقدام ہے۔ اب کسی کونئے کاروبار کیلئے،کاروبار میں توسیع کیلئے سرمایے کی فراہمی میں کمی نہیں ہوگی اور صوبے بھر میں نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کیلئے لاکھوں مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے صوبہ میں بے روزگار ی کا خاتمہ ہوگا۔