پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کامیابی کے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے، دنیا کی سب سے بہترین اسٹاک ایکسچینج ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

پی ایس ایکس نے 2 ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جولائی سے اب تک مارکیٹ میں کل 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 نومبر 2019 19:32

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کامیابی کے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے، دنیا کی ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 نومبر2019ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کامیابی کے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے، دنیا کی سب سے بہترین اسٹاک ایکسچینج ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا، پی ایس ایکس نے 2 ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جولائی سے اب تک مارکیٹ میں کل 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس وقت بہترین کارکردگی دکھانے کے حوالے سے دنیا کی سب سے بہترین اسٹاک ایکسچینج ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق جہاں دنیا کی بڑی بڑی اسٹاک مارکیٹس اس وقت مسلسل مندی کا شکار ہیں، ایسے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج ناقابل یقین حد تک بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔ اکتوبر کے ماہ سے لے کر اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دنیا کی دیگر تمام اسٹاک ایکسچینجز کے مقابلے میں سب سے زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ 4 ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان جاری ہے اور یہ سلسلہ جمعرات کے روز بھی جاری رہا۔ اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز بھی تیزی دیکھنے کو ملی اور تیزی کے باعث 100 انڈیکس میں 37200 کی حد بھی بحال ہو گئی۔ پورے کاروباری روز 0.2 فیصد کاروبار میں بہتری دیکھی گئی۔ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 824.94 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی تھی جس کے بعد انڈیکس کی 9 حدیں بحال ہو گئی تھیں، دوسرے روز انڈیکس میں 37.54 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی۔

تیسرے روز انڈیکس میں 401.40 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ آج بھی اسی تیزی کا تسلسل دیکھا گیا۔ آج کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا اور اس دوران مندی بھی دیکھی گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100انڈیکس ایک موقع پر 37507.02 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم یہ تیزی برقرار نہ رہ پائی۔ اس دوران تیزی میں جانے والی مارکیٹ دھڑام سے نیچے آ گئی اور انڈیکس دوبارہ 37130.01 پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 76.24 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 37243.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔