وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکوکے اعلیٰ ترین تعلیمی کمیشن کا صدر منتخب

جمعہ 15 نومبر 2019 17:32

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکوکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کو متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت(یونیسکو) ہیڈ کوارٹر پیرس میں تنظیم کے اعلیٰ ترین تعلیمی کمیشن کا صدر منتخب کر لیا گیاہے۔ فرانس سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق اپنے انتخاب کو وفاقی وزیر نے پاکستان کے لئے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ یہ اعزاز تعلیم کے شعبہ میں یونیسکو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعتراف ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ یونیسکو کے تعلیمی کمیشن کے صدر کی حیثیت وہ اپنے تمام ڈیلی گیٹس کے ہمراہ تعلیم، سائنس و ثقافت کے ذریعے امن کے یونیسکو کے اغراض ومقاصد کو تعمیری انداز میں پورا کرنے اوراقوام متحدہ کے 2030ء کے ایجنڈے میں شامل پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے محنت کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی صدارت میں تعلیمی کمیشن کے پاس خواندگی کے حوالے سے یونیسکو کے مستقبل کی حکمت عملی اور پروگر اموں، پائیدار ترقی کے اہداف فار ایجوکیشن 2030ء کی عملداری، اعلی تعلیم کی قابلیتوں کے اعتراف پر عالمی کنونشن کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے علاوہ ٹیچر پالیسی ڈائیلاگ کے لئے عالمی کلاسیفیکیشن فریم ورک کی جانب بڑھنے کے ذریعوں اور طریقوں پر غور و خوض کا بھاری ایجنڈے پر کام کرنا ہو گا۔

پیرس آمد کے بعد سے وفاقی وزیر کے مصروف ترین شیڈول میں یونیسکو جنرل کانفرنس میں شرکت کے علاوہ پیرس امن فورم مین پاکستان کی نمائندگی کرنا بھی شامل رہے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے بنگلہ دیش، ناروے اور تیونس کے وزرائے تعلیم کے ساتھ علیحدہ ملاقاتوں کے علاوہ تعلیم و ثقافت کے بارے یونیسکو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران انہوں نے سکول جانے والے تمام بچوں کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے اور اعلی تعلیم کے شعبہ میں نمایاں بہتری لانے کے لئے دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح پر درکار بھرپور تعاون پر زور دیا۔