سجن یونین کا من پسند ریٹائرڈ ملازمین کو ادائیگی ، قریب المرگ پنشنرز کو ادائیگیاں نہ کرنے پرکے ایم سی انتظامیہ کیخلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ

آئندہ کے لائحہ عمل کے بعد صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کی یونینز کا اجلاس کراچی میں طلب کرلیا گیا

جمعہ 15 نومبر 2019 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے میئر کراچی، میٹروپولیٹن کمشنرز کی منظوری کے بعد عدالتی احکامات کے برخلاف من پسند ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کموٹیشن، گریجویٹی کی آئوٹ آف ٹرن ادائیگی کرنے جبکہ عدالتوں میں پنشن کموٹیشن کی ادائیگی کیلئے درجنوں مقدمات التواء کا شکار ہیں۔

قریب المرگ پنشنرز کو ادائیگیاں نہ کرنے جس پر وہ موت کے منہ میں چلے گئے۔ کتے کی افزائش روکنے، کتے پکڑنے اور انہیں مارنے میں ناکامی کے بعد کتے کے کاٹنے پر ہلاکتوں، ڈینگی پر کنٹرول نہ کرنے پر ڈینگی سے ہلاکتوں اور قانونی طور پر کے ایم سی ملازمین کو حاصل مراعات سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی انسانی حقوق پامال کرنے پر کے ایم سی ملازمین اور ریٹائرڈ پنشنرز کو کے ایم سی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں یونین کی لیگل کمیٹی جو کہ ریٹائر ججز اور سینئر وکلاء پر مشتمل ہے، اس نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے ہر تھانے میں بلدیاتی غفلت، کوتاہی پر سربراہ ادارہ کے خلاف مقدمات درج کروانے کی درخواستیں جمع کروانے کی بھی آج یونین نے ہدایت جااری کردی ہے۔ میئر کراچی اور کے ایم سی انتظامیہ کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کو حتمی شکل دینے کیلئے صوبہ سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں کی یونینز کا اجلاس سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں، پنشن میں 15 فیصد اضافے کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کیلئے احتجاج، دھرنے اور مظاہرے جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیربلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے ایم سی ملازمین کو حقوق سے محروم رکھنے 15 فیصد تنخواہ پنشن میں اضافہ ادا نہ کرنے کا نوٹس لیکر ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔