اسرائیلی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل ڈیٹا تک رسائی کا انکشاف

10مئی 2019ء سے پہلے خریدے گئے موبائل فوری طور پر تبدیل کرنے اور حساس معلومات کسی بھی ایپ کے ذریعے شیئر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 نومبر 2019 16:42

اسرائیلی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل ڈیٹا تک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء) : اسرائیلی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت رائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے 10 مئی 2019ء سے قبل خریدے گئے موبائل فونز فوری طور پر تبدیل کرنے اور حساس معلومات کسی بھی ایپلی کیشن کے ذریعے شئیر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اسرائیلی کمپنی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور واٹس ایپ سے معلومات چوری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 20 ممالک کے 1400 سینئر گورنمنٹ اور ملٹری آفیشلز کا ڈیٹا چوری کیا گیا اور پاکستان کےسرکاری افسران کےموبائل فون ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کی گئی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی کمپنی نے 28 اپریل سے 10 مئی کے دوران میل ویئرلانچ کیا تھا جس کے بعد وزارت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے میل ویئر سے بچنے کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ 10 مئی 2019ء سے پہلے خریدے گئے موبائل فوری طور پر تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ کو نئے ورژن پر اپ گریڈ کیا جائے۔ واٹس ایپ اور فیس بُک کی جانب سے سان فرانسسکو میں اسرائیلی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی کمپنی کا پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے اس انکشاف نے حکومتی حلقوں میں بھی بے چینی پیدا کر دی ہے اور تمام سرکاری افسران اور وزرا کو جلد از جلد وزارت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی ہدایات پر فوری طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں معروف میسجنگ سروس واٹس ایپ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔ آئے روز واٹس ایپ صارفین کی تعداد میں اضافہ بھی ہورہا ہے ۔ واٹس ایپ کی جانب سے بھی صارفین کو ایک محفوظ ایپلی کیشن اور سروس فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔