Live Updates

پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباء کی فیس معاف کرنے پر غور

حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، پبلک کالجز اور یونیورسٹیز پر اطلاق ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 ستمبر 2025 13:14

پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباء کی فیس معاف کرنے پر غور
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباء کی فیس معاف کرنے پر غور شروع کردیا۔ اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء کی رجسٹریشن اور سمسٹر فیس معافی کرنے کی تجویز دی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب نے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، منظوری کی صورت میں فیصلے کا اطلاق پبلک کالجز اور یونیورسٹیز پر ہوگا، اس فیصلے سے سیلاب متاثرہ خاندانوں پرمالی بوجھ کم ہوگا، تعلیم جاری رکھنے کیلئے متاثرہ طلباء سے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، نجی سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بھی متاثرہ طلباء کو ریلیف دینے کا اقدام اٹھائیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعظم سیلاب سے متاثرہ گھریلو صارفین کے ایک ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کر چکے ہیں، انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارش اور سیلاب سے ملک کے مختلف علاقوں میں بہت زیادہ تباہی ہوئی، سیلاب سے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مال مویشی، گھر اور روزگار کو نقصان پہنچا، متاثرہ آبادیوں میں اشیائے خوردونوش اور صحت کی سہولیات کے لیے وفاقی، صوبائی حکومتیں اور عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں اور ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کرلیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بل معاف کیے جارہے ہیں، تمام گھریلو صارفین کو ایک ماہ یعنی اگست کے بل ادا نہیں کرنا ہوں گے، وفاقی حکومت بجلی کے بل اپنے وسائل سے ادا کرے گی، ان متاثرہ علاقوں کے وہ گھریلو صارفین جو اگست کا بل ادا کرچکے ہیں، انہیں اگلے ماہ بجلی کے بل میں یہ رقم واپس ادا کردی جائے گی ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زرعی اور صنعتی شعبوں سے وابستہ بجلی کے صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جارہا ہے لہذا ان کے اگست کے بجلی کے بل کے ادائیگی مؤخر کی جارہی ہے، اگر ان صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو انہیں مزید ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے، اس حوالے سے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ضروری ہدایات فوری طور پر جاری کردی گئی ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات