قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا،

اسد عمر سابق وزیر خزانہ تاجر برادر ی کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں حکومت کردار ادا کرے، محمد احمد وحید صدر اسلام آباد چیمبر

پیر 18 نومبر 2019 22:48

قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کو ابھی تک حل نہیں کیا گیا تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا تا کہ تاجروں کا یہ اہم مسئلہ حل ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کہ دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ گذشتہ دور میں پی ٹی آئی کی طرف سے قانون کرایہ داری کاایک ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن پاس نہ کرایا جا سکتا۔ تاہم وعدہ کے مطابق وہی ترمیمی بل دوبارہ موجودہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے اور متعلقہ قائمہ کمیٹی نے اتفاق رائے اس کو پاس کر لیا ہے جبکہ جلد ہی یہ بل قومی اسمبلی سے بھی پاس ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قانون سازی کیلئے اب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں جن کے مطابق قانون سازی کے بلوں کے بارے میں پیشگی اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی اور متفقہ بلوں کو پارلیمنٹ سے بل پاس کرانے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان سے ایک میٹنگ کر کے تاجروں کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے اس موقع پر چیمبر کے عہدیداران کو اپنا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی پیش کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کو سی ڈی اے کی طرف سے پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ ادارہ مسائل کے جلد حل کی طرف توجہ نہیں دے رہا۔

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ نوٹیفائی کرنے کے بعد ختم کر دی گئی جس سے نئی صنعتکاری کا فروغ مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی کی منظوری دے دی تھی لیکن چار سال گزرنے کے باوجود سی ڈی اے نے ان کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔ انہوںنے اسد عمر سے درخواست کی کہ وہ تاجر برادری کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے اسلام آباد کی مارکیٹوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس وجہ سے مارکیٹوں کی حالت کاروبار کیلئے سازگار نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مداخلت کرے اورمارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرائے۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، اشفاق چھٹہ، چوہدری ندیم الدین اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے اہم مسائل حل کرانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔