ابو ظہبی میں بے قابو ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی، حادثے کی ویڈیو وائرل

یہ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی جانب سے ریڈ لائٹ کی پرواہ کیے بغیر سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 10:29

ابو ظہبی میں بے قابو ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی، حادثے کی ویڈیو وائرل
ابوظہبی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) ابو ظہبی میں ٹرک ڈرائیور کی جانب سے خطرناک خلاف ورزی نے نہ صرف اس کی جان خطرے میں ڈال دی بلکہ ایک اور گاڑی کا بھی ستیاناس کر کے رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے تمام ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی مقام پر سگنل سُرخ ہونے کی صورت میں گاڑی چلانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سنگین ٹریفک خلاف ورزی کے باعث متحدہ عرب امارات میں سینکڑوں لوگ اپنی جانوں سے محروم ہو جاتے ہیں اور کئی زخمی بھی ہوتے ہیں جن میں سے اکثرساری عمر کے لیے اپاہج اور معذور بن کر رہ جاتے ہیں۔

چند سیکنڈز کا انتظار کسی بھی انسان جان کو خطرے سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اس لیے سُرخ بتی کے اشارے پر فوری طور پر رُک جانا چاہیے اور سنگل کے سبز ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ابو ظہبی پولیس کی جانب سے ایک ایڈوائزری ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں سُرخ بتی کی پرواہ نہ کرنے کے باعث رُونما ہونے والے دو حادثات دکھائے گئے ہیں۔ جبکہ ان حادثات کے حوالے سے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر سالم الظہیری بھی ویڈیو میں بتاتے ہیں کہ ان دو حادثات کے باعث ڈرائیورز تشویش ناک طور پر زخمی ہونے کے بعد ہسپتال لائے گئے تھے۔

ویڈیو میں دکھایا جانے والا پہلا حادثے میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے ایک ٹرک ڈرائیور نے سُرخ بتی کی پرواہ نہ کی اوراس کا ٹرک چوک سے گزرنے والی ایک گاڑی سے جا ٹکرایا۔ جبکہ ویڈیو میں ایک اور حادثہ بھی دکھایا گیا ہے جو ایک تیز رفتار گاڑی کی جانب سے سُرخ بتی کی پرواہ نہ کیے جانے پر پیش آیا جو کہ ایک ٹیکسی میں جا گھُسی۔ جس کے باعث دونوں ڈرائیورز کو شدید چوٹیں آئیں۔ الظہیری نے خبردار کیا کہ بے دھیانی اور تیز رفتاری سے کی جانے والی ڈرائیونگ ہی زیادہ تر حادثات کا باعث بنتی ہے۔ الظہیری نے تمام ڈرائیورز کو پیغام دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں اور احتیاط سے گاڑی چلائیں۔