مختلف جرائم میں ملوث افغان مہاجرین کو ان کے مقررہ کیمپ تک محدود کیا جائے، شہریوں کا حکومت سے مطالبہ

جمعہ 22 نومبر 2019 11:44

مختلف جرائم میں ملوث افغان مہاجرین کو ان کے مقررہ کیمپ تک محدود کیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) اسلام آباد راولپنڈی کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈکیتی اغواء سمیت مختلف جرائم میں ملوث افغان مہاجرین کو ان کے مقررہ کیمپ تک محدود کیا جائے ، افغان مہاجرین کے بعض عناصر کی طرف سے بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے شہریوں میں خوف ہراس بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میںکار چوری، ڈکیتی، اغواء،موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اس حوالے سے تھانہ سبزی منڈی، تھانہ ترنول، تھانہ شمس کالونی، تھانہ گولڑہ ، تھانہ کراچی کمپنی، تھانہ پیرودھائی، تھانہ گوالمنڈی سمیت دیگر تھانوں میں بھی جرائم میں افغان مہاجرین ملوث پائے گئے ہیں۔

تھانہ ترنول کے علاقہ ڈھوک عباسی کے رہائشی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یونین کونسل 48 میں آئے روز ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس ان جرائم کو روکنے میں مکمل ناکام ہے اور ایسے واقعات میں افغان مہاجرین ملوث ہیں۔ محلہ گلشن آباد کے رہائشی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ دو دن قبل گاڑی سے بیٹری چوری کرنے والے دو افغان مہاجرین کو پولیس کے حوالے کیا، ان سے چوری ہونے والی بیٹری بھی برآمد کی گئی لیکن تھانہ ترنول کے اے ایس آئی سلیم نے ملزمان کو مبینہ طور پر چھوڑ دیا۔

تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں کام کرنے والے محنت کش معروف نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کی وہ سبزی منڈی اسلام آباد میں کام کرتا ہے جب صبح کام کے سلسلہ میں جارہا تھا تو دو موٹر سائیکل سواروں نے اسے روک کر 20ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے جو حلیہ سے افغان مہاجرین لگ رہے تھے۔ تھانہ شمس کالونی کے رہائشی مسعود نے بتایا کہ علاقے میں چوری کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں لیکن پولیس تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے علاقے میں جتنے بھی جرائم کے واقعات رونما ہو رہے ہیں ان میں افغان مہاجرین ملوث ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں قیام پذیر افغان مہاجرین کو واپس ان کے مقررہ کیمپسز میں بھیجا جائے اور ان کی افغانستان میں واپسی کو بھی یقینی بنایا جائے۔