اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

آئندہ 2ماہ پالیسی ریٹ 13.25فیصد تک برقراررہے گی،شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، آئندہ مہینوں میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کی صدارت میں اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 نومبر 2019 17:58

اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 نومبر2019ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ہے، آئندہ 2 ماہ پالیسی ریٹ 13.25 فیصد تک برقراررہے گی،شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، آئندہ مہینوں میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر کی صدارت میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دوماہ کیلئے پالیسی ریٹ 13.25فیصد تک برقراررہے گی، شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مہنگائی کی رفتار ابھی بلند سطح پر ہے۔ آئندہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی دیکھ رہے ہیں۔رواں مالی سال افراط زر11سے 12 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

کاروباری ادارے مہنگائی میں کمی کیلئے کوشاں ہے۔

آٹوانڈسٹری، صنعت اور سیمنٹ ، فولاد کی صنعتوں کی نمو میں کمی آئی ہے۔مجموعی پیداواری کی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی۔ جاری کھاتوں میں بہتری آئی ہے۔یکم جنوری 2019ء سے 15نومبر تک مجموعی ذخائر میں 1.16ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔جولائی تااکتوبر2019ء تک ٹیکس وصولیوں میں 16.2فیصد کا اضافہ ہو اہے۔جون 2019ء سے روپے کی قدر میں 5.6فیصد کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب دو روزہ پاکستان انوویٹو فنانس فورم پیر سے شروع ہو گا۔

فورم میں ملکی و غیر ملکی کاروباری شخصیات شرکت کریںگی۔ فورم کے افتتاحی سیشن سے سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر، ایشیائی ترقیاتی بینک کی نائب صدر برائی فنانس و رسک مینجمنٹ انگرڈ وان ویس اور ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹیٹیوٹ کے ڈین نویوکی یوشینو جبکہ اختتامی سیشن سے وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی اور ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کی سربراہ اینابیل جیری خطاب کریں گے۔