سعودی عرب: سگریٹ خریدنے کے لیے ساتھ نہ جانے پر پڑوسی کو چاقو گھونپ دیا

مقتول سعودی کو صبح کے ٹائم دفتر جاتا تھا، بات ماننے سے انکار پر پڑوسی مشتعل ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 دسمبر 2019 12:29

سعودی عرب: سگریٹ خریدنے کے لیے ساتھ نہ جانے پر پڑوسی کو چاقو گھونپ دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 دسمبر 2019ء) سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں ایک پڑوسی نے سعودی کو صرف اس بات پر متعدد بار چاقوگھونپ دیا کہ وہ اُس کے ساتھ سگریٹ خریدنے کے لیے قریب واقع دُکان تک جانے کو تیار نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جب ایک سعودی شہری تیار ہو کر دفتر جانے کو نکل رہا تھا کہ اس کے ذہنی معذور ہمسائے نے گھر کے دروازے پر کھڑے ہو کر کہا کہ اسے سگریٹ کی طلب ہو رہی ہے، وہ اُسے دفترجانے سے پہلے اس کے ساتھ جا کر قریبی دُکان سے سگریٹ دلا دے۔

تاہم نوجوان نے اُسے کہا کہ وہ دفتر سے لیٹ رہا ہے، اس لیے اس کی بات ابھی نہیں مان سکتا۔ جس پر پڑوسی اس سے ضد کرنے لگا کہ وہ ہر صورت اس کے ساتھ چلے، تھوڑی دیر اور لیٹ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

تاہم نوجوان نے اس سے ایک بار پھر معذرت کی اور آگے کو بڑھ گیا تو ذہنی معذور پڑوسی اس بات پر سخت طیش میں آ گیا، اور اپنے پاس موجود چاقو نکال کر نوجوان کو متعدد وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔

وہاں موجود دیگر افراد نے یہ منظر دیکھ کر فوری طور پر پڑوسی کو پکڑ لیا، ورنہ وہ مزید وار کر کے نوجوان کو موقع پر ہی قتل کر دیتا۔اہلِ علاقہ نے جنونی پڑوسی کو قابو کر کے پولیس طلب کر لی۔جبکہ زخمی نوجوان کو فوری طو پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کاانتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج ہو رہا ہے، تاہم اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے یہ واردات کرنے والے پڑوسی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کی حالت بہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث نازک ہوئی ہے، کیونکہ اسے پڑوسی نے چاقو کے 10 وار کیے۔ نفسیاتی امراض میں مبتلا پڑوسی سے استغاثہ کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔