اصل ہیرو وہ ہیں جو بغیر کسی لالچ کے معذور اور معاشرے کے پسے ہوئے افراد کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا خصوصی افراد کے حوالے سے عالمی سطح پر منائے جانے والے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 3 دسمبر 2019 13:54

اصل ہیرو وہ ہیں جو بغیر کسی لالچ کے معذور اور معاشرے کے پسے ہوئے افراد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے معذور افراد کے لئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور ہر ممکن حد تک قانون سازی کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل ہیرو تو وہ لوگ ہیں جو بغیر کسی لالچ کے معذور اور معاشرے کے پسے ہوئے افراد کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پارلیمنٹ خصوصی افراد کو مایوس نہیں کرے گی۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ ء زار پر خصوصی افراد کے حوالے سے عالمی سطح پر منائے جانے والے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کی بنیاد میری بیٹی ظلّہ بنی ہے۔ اسی نے مجھ سے مطالبہ کیا تھا کہ قومی اسمبلی کی طرف سے خصوصی افراد کے لئے تقریب منعقد کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری بیٹی خصوصی افراد کے حوالے سے بھی کام کرنے کا شوق رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ خصوصی افراد کو مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حوالے سے کردار ادا کرنے کے لئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنانا چاہتے ہیں جو اسٹریٹ چلڈرن، معذور افراد اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حوالے سے قانون سازی تجویز کرے گی۔ اس کا اعلان ایک ہفتہ میں کر دیا جائے گا اور اس کمیٹی میں ان ارکان قومی اسمبلی کو شامل کیا جائے گا جو اس عظیم مقصد کے لئے اپنا وقت رضاکارانہ طور پر دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے بطور اسپیکر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں تو میں نے خصوصی افراد کے لئے قائم کئی مراکز اور اداروں کا دورہ کیا ہے۔ شیخوپورہ میں واقع ذہنی طور پر معذور افراد کے ہسپتال کا دورہ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اصل کام تو یہ لوگ کر رہے ہیں۔ قصور میں خصوصی افراد کے لئے یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے۔ مجھے یہ سب دیکھنے کے بعد محسوس ہوا کہ ہمیں جو کچھ کرنا چاہئے تھا وہ ہم نہیں کر رہے۔

خصوصی افراد اور دوسروں کے لئے کام کرنے والے حقیقی طور پر الله کے ولی ہیں۔ اسی طرح خبیب فائونڈیشن بھی خصوصی افراد کے لئے گرانقدر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان تو کوئی بھی کام کرتا ہے تو اسے ووٹ کا لالچ ہوتا ہے مگر یہ لوگ بغیر کسی لالچ کے کام کر رہے ہیں اور ان کا کام دیکھ کر میرا جھکائو ان لوگوں کی طرف ہو گیا ہے۔ میں بھی ان کے ساتھ رضاکارانہ طور پر ورکر کی حیثیت سے کام کروں گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرا تعلق مڈل کلاس سے ہے، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ قومی اسمبلی کا اسپیکر بنوں گا، عہدے کوئی چیز نہیں ہوتے، نہ ان پر کسی کو نازاں ہونا چاہئے۔ عہدوں سے بالاتر ہو کر دل سے ملک اور قوم کے لئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے یو این ڈی پی، سائیٹ سیور، خبیب فائونڈیشن اور اخوت فائونڈیشن کا تقریب کے انعقاد کے حوالے سے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں خصوصی افراد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے والے اداروں کے مقررین ڈاکٹر امجد صابری، یو این ڈی پی کی کنٹری ڈائریکٹر منزہ گیلانی، خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ وومن کاکس کی سیکریٹری جنرل منزہ حسن اور ملک بھر سے آئے ہوئے خصوصی افراد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور مطالبہ کیا کہ معذور افراد کو پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیوں سمیت تحصیل اور ضلع تک نمائندگی کے لئے قانون سازی کی جائے۔