رواں مالی سال کے دوران برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر میں بالترتیب 0.94 اور 3.31 فیصد اضافہ ریکارڈ

جمعرات 5 دسمبر 2019 15:58

رواں مالی سال کے دوران برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) رواں مالی سال کے دوران برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر میں بالترتیب 0.94 اور 3.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر تک برطانیہ اور یورپی یونین کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بالترتیب 1143.05 اور 230.59 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں بالترتیب 0.94 اور 3.31 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بالترتیب 1132.45 اور 223.20 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 328.69 اور یورپی یونین میں مقیم پاکستانیوں نے 60.94 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر میں اضافے کے لئے اقدامات اور سہولیات کے نتیجے میں بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مجموعی طورپر 9.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔