عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزک فیسٹیول ریاض میں ہونے جا رہا ہے

رواں ماہ ہونے والے اس میوزک فیسٹیول میں دُنیا کے 16 نامور فنکار شرکت کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 دسمبر 2019 16:55

عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزک فیسٹیول ریاض میں ہونے جا رہا ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5دسمبر 2019ء) سعودی عرب میں مقیم موسیقی اور فن کے رسیا مقامی اور غیر مُلکی افراد کے لیے ایک بڑی خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مملکت میں جاری ریاض سیزن کے تحت عرب تاریخ کا سب سے بڑا میوزک فیسٹیول اور آرٹس میلہ منعقد ہونے جا رہا ہے۔ سعودی ویب سائٹ اخبار نے اتھارٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بین الاقوامی سطح کے فیسٹیول کا انعقاد 19 دسمبر سے 21 دسمبر 2019ء تک ہو گا، جس میں دُنیا کے 16 نامور فنکار اپنی شاندار گلوکاری اور موسیقی میں مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔

اس موسیقی و آرٹ میلے کے بڑے کنسرٹس ریاض کے شاہ فہد سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ اس میلے کے تمام پروگرامز سے لطف اندوز ہونے کے لیے ٹکٹ خریدنا ہو گا۔

(جاری ہے)

شائقین عمدہ معیار کی موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف پروگرامز کے ٹکٹ آن لائن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق یہ شاندار موسیقی فیسٹیول مڈل بیسٹ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

جس کے مختلف پروگرامز کی ٹکٹوں کی قیمت 375 ریال سے شروع ہو کر 4750 ریال تک ہوں گی۔ اس موسیقی میلے میں بین الاقوامی شہرت کے حامل فنکاروں کے علاوہ مقامی نوجوان بھی اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ واضح رہے کہ 25 اکتوبر 2019ء کو بھی ریاض سیزن کے تحت عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے اپنی گلوکاری سے لاکھوں حاضرین پر اپنا سحر طاری کر دیا۔

اس ایونٹ میں نہ صرف پاکستانی اور بھارتی شائقین نے شرکت کی، بلکہ سعودی نوجوان لڑکے لڑکیاں بھی ہزاروں کی گنتی میں اْمڈ آئے۔اس سے پتا چلتا ہے کہ دونوں پاکستانی فنکار عرب دْنیا میں بھی اپنی بے پناہ مقبولیت رکھتے ہیں۔دونوں گلوکاروں کی پرفارمنس کو سیزن کی اب تک کی بہترین پرفارمنسز قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ دونوں فنکاروں نے ریاض سیزن کا میلہ لْوٹ لیا ہے تو بے جا نہ ہو گا۔

راحت فتح علی خان نے قوالیوں کے علاوہ اپنے معروف گانے بھی پیش کیے۔ گزشتہ روز کی پرفارمنس کے بعد دونوں فنکار ریاض سیزن کی تاریخ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے اولین پاکستانی فنکار بن گئے ہیں۔گزشتہ روز کے میوزیکل شو کے دوران راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم سمیت 4 بھارتی فنکاروں کے علاوہ عرب فنکاروں نے بھی پرفارمنس کی، مگر ان مایہ ناز پاکستانی فنکاروں کے آگے اْن کا رنگ بالکل نہ جم سکا۔

یہ تمام میوزیکل شوپْوری طرح ان دونوں فنکاروں کے نام رہا۔ اْمید کی جا رہی ہے کہ دسمبر تک جاری رہنے والے اس سیزن میں مزید پاکستانی فنکار بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔اکتوبر میں شروع ہونے والے ریاض سیزن کے دوران اب تک درجنوں عرب فنکاروں کے علاوہ ایشیائی، یورپی اور امریکی فنکار بھی پرفارم کر چکے ہیں۔