خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،

ایران اس حوالے سے پاکستان کے کردار اورقربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس کی بدولت خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار اور قیام امن کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے عزائم ناکام ہوئے ہیں، پاکستان اور اس کے عوام نے جس عزت اور توقیر سے نوازا وہ زندگی بھر فراموش نہیں کرپائوں گا ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی سربراہ تحریک جوانان پاکستان و کشمیر محمد عبداللہ حمید گل سے گفتگو

جمعہ 6 دسمبر 2019 18:16

خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایران اس حوالے سے پاکستان کے کردار اورقربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس کی بدولت خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار اور قیام امن کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے عزائم ناکام ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک جوانان پاکستان و کشمیر محمد عبداللہ حمید گل سے گفتگو کے دوران کیا جہنوں نے سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر سے الوادعی ملاقات کی۔ مہدی ہنر دوست نے کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے عوام نے مجھے جس عزت اور توقیر سے نوازا ہے وہ میں زندگی بھر فراموش نہیں کرپائونگا، پاکستان کو الوداع کرتے ہوئے یہ ہی کہونگا کہ پاک سرزمین پر بسنے والی شیر دل قوم نے اپنی محبتوں کا مقروض بنا دیا ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ محبتوں کے قرض چکانے میں ایران کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ملک ہیں جو ایک دوسرے کیلئے فیورٹ نیشن کی حیثیت رکھتے ہیں اور دونوں ملک ہرکڑی آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔ تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ محمد عبیداللہ حمید گل نے پاک ایران تعلقات میں بہتری کے حوالے سے ایرانی سفیر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی شاندار سفارت کاری کی بدولت دونوں ممالک اور انکے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا گیا ہے اور پاک ایران تجارت کے حجم کو بڑھانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو بھی کو فروغ حاصل ہوا ہے جس کا کریڈٹ سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر اور انکی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران اسلام کے خلاف عالمی سازشوں اور اسلام مخالف قوتوں کے عزائم ناکام بنائیں گے جس پر سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے خطہ میں قیام امن کیلئے اور پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ان کا پاکستان میں گزرا ہوا وقت انتہائی یادگار ہے انہوں نے بھرپور تعاون اور معاونت پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے بھی خصوصی طور پر تشکر کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ میں پاکستان اور اس کے عوام کی مہمان نوازی ،وسعت قلبی اور خیر سگالی اور حب الوطنی کے لازوال جذبات کو کھبی بھول نہیں پاونگا اس ملک اور قوم کے ساتھ میرا عقیدت اور احترام کا رشتہ قائم و دائم رہے گا۔