Live Updates

وزیراعظم سمیت متعدد وزرا کی مریم نواز کو بیرون ملک نہ بھیجنے کی تائید

فیصل واوڈا نے مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام کسی بھی صورت ای سی ایل سے نہ نکالا جائے، عمران خان سمیت متعدد وزرا نے تائید کی

muhammad ali محمد علی منگل 10 دسمبر 2019 19:53

وزیراعظم سمیت متعدد وزرا کی مریم نواز کو بیرون ملک نہ بھیجنے کی تائید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 دسمبر2019ء) وزیراعظم سمیت متعدد وزرا کی مریم نواز کو بیرون ملک نہ بھیجنے کی تائید ، فیصل واوڈا نے مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام کسی بھی صورت ای سی ایل سے نہ نکالا جائے، عمران خان سمیت متعدد وزرا نے تائید کی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کیلئے رضامندی ظاہر نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران ن لیگ کی صدر مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کا تذکرہ ہوا تو اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ان کی بیرون ملک روانگی کی بھرپور مخالفت کی اور کہا کہ حکومت کسی صورت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے۔

(جاری ہے)

جبکہ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بھی مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کی۔ وزیراعظم سمیت متعدد وزرا نے ان کی رائے سے اتفاق کیا۔ تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ مریم نواز کی جانب سے اپنے والد نواز شریف کی عیادت کیلئے لندن جانے اور اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس درخواست پر گزشتہ روز عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق ایک ہفتے کے دوران فیصلہ کیا جائے۔ اب ذرائع کے مطابق بظاہر حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات