ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس کیخلاف فوجی طاقت کا استعمال کیا جائیگا،یسرائیل کاٹز

اسرائیل نہتے مظاہرین کی طرح بے بس نہیں، ہمارے پاس ایران کو روکنے کیلئے طاقت ہے، اسرائیلی وزیر خارجہ

بدھ 11 دسمبر 2019 19:36

ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس کیخلاف فوجی طاقت کا ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگرایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ایک بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو کسی قیمت پر جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو ایران کے خلاف فوجی کارروائی بھی کریں گے تاکہ وہ ایٹمی طاقت نہ بن سکے۔

صہیونی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نہتے مظاہرین کی طرح بے بس نہیں۔ مظاہرین کو ایران کے آیت اللہ نظام کی طرف سے ذبح کیا جا رہا ہے مگر اسرائیل کے پاس ایران کو روکنے کے لیے طاقت ہے۔قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات ختم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے جوہری معاہدے کی شرائط سے دست برداری کے تیسرے مرحلے کے بعد تہران کے ساتھ بات چیت کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں ایران کو اسرائیلی ریاست کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا۔درایں اثناء امریکی ٹی وی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران نے ایک خفیہ پلانٹ پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ ایران نے اس جوہری تنصیب کا اعلان نہیں کیا مگر وہاں پر یورینیم کی موجودگی کے آثار ملے ہیں۔