Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیر ڈینس منتروف کی ملاقات، صدر پیوٹن کی جانب سے مبارکباد کا خصوصی پیغام پہنچایا

توقع ہے کہ پاکستان اور روس توانائی، تیل و گیس، کان کنی کے شعبوں سمیت میٹالرجی، ریلویز، ہوا بازی، آئی ٹی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے، پاکستان میں میکرو اکنامک صورتحال بہتر ہوئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے رابطوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

بدھ 11 دسمبر 2019 19:07

وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیر ڈینس منتروف کی ملاقات، صدر پیوٹن کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان سے روسی فیڈریشن کے وزیر برائے تجارت و صنعت ڈینس منتروف نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ روسی وزیر نے صدر پیوٹن کی جانب سے مبارکباد کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور وزیراعظم نے گرمجوشی کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے جون 2019ء میں بشکیک میں ایس سی او کونسل کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر صدر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر روسی صدر کے ساتھ بامعنی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صدر پیوٹن جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات میں مثبت تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک توانائی، تیل و گیس، کان کنی کے شعبوں سمیت میٹالرجی، ریلویز، ہوا بازی، آئی ٹی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری اور کاروباری آسانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے رابطوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ روسی وزیر منتروف نے وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ روز ہونے والے چھٹے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کو دہرایا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک توانائی، ہوا بازی، صنعت، ریلویز اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے قیادت کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ سال 2020ء کے دوران اپنے دورہ روس کے منتظر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات