افغانستان :امریکی بیس کے باہر دھماکا ،5افراد زخمی

حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا،کسی امریکی یا اتحادی فورسز کی ہلاکت نہیں ہوئی:نیٹو حکام

بدھ 11 دسمبر 2019 21:34

افغانستان :امریکی بیس کے باہر دھماکا ،5افراد زخمی
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2019ء) افغانستان میں امریکی فوجی بیس کے باہر خودکش دھماکے سے 5افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔بدھ کے روز افغان حکام اور مغربی ملکوں کے فوجی اتحاد نیٹو نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پروان میں بگرام بیس کے باہر ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ،جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکر نے بتایا کہ خودکش حملے میں زخمی ہونیوالے پانچوں افراد افغان شہری ہیں جو کہ فوجی بیس کی جنوبی راہداری پر موجود تھے ،حملہ آوروں اور غیر ملکی افواج کے درمیان تقریباً 30 منٹ تک فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا،نیٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ بگرام بیس پر ہونیوالا حملہ اچانک ہوا ،جسے فوری طور پر پسپا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم حملے میں کسی امریکی یا اتحادی فورسز کی ہلاکت نہیں ہوئی۔نیٹو کے بیان میں مزید کہا گیا کہ مقامی افراد کے علاج معالجے کے لیے بیس بنائی جارہی تھے جسے حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہے البتہ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ۔واضح رہے کہ یہ وہی بیس ہے جہاں چند روز قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 'تھینکس گونگ' کے موقع پر اچانک پہنچے تھے اور فوجیوں کیساتھ کچھ وقت گزارا تھا۔