Live Updates

پی آئی سی پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی، ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن

جمعرات 12 دسمبر 2019 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہو نے کہا کہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پی آئی سی کے باہر وکلاء کی طرف سے تشدد کا نشانہ بننے پر صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ مجرمانہ ذہنیت کے لوگوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ جنوری میں بار کونسل ایسوسی ایشن کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور وکلاء اس کی آڑ میں مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ندیم افضل چن نے کہا کہ وکلاء میں بھی بہت بڑا مافیا موجود ہے، لاہور کا وکلاء مافیا سرگودھا میں وکلاء کا بنچ نہیں بننے دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں علاج کیلئے 6 مہینے باری نہیں آتی، وہاں پر روزانہ سینکڑوں مریضوں کا علاج ہوتا ہے، اب ہسپتال بند ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے توڑ پھوڑ کر کے ہسپتال کو جو مالی نقصان پہنچایا ہے تو انہیں یہ نقصان بھرنا ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات