فلپائن میں 6.8 شدت کا زلزلہ، ایک بچہ جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہو گئے، کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا

اتوار 15 دسمبر 2019 21:45

فلپائن میں 6.8 شدت کا زلزلہ، ایک بچہ جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہو گئے، ..
منیلا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2019ء) جنوبی فلپائنی جزیرے منڈاناؤ میں اتوار کے روز زوردار زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں، کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ رواں سال اکتوبر میں بھی اس علاقے میں خوفناک زلزلہ آیا تھا۔ پولیس کے مطابق زلزلے سے ایک مارکیٹ کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی ہے جہاں پر ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

شدید آفٹر شاکس کی وجہ سے احتیاطی طور پر مریضوں کو بحفاظت طور پر ہسپتالوں سے باہر نکال دیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو شاپنگ مالز میں نہ جانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ مقامی پولیس ترجمان نے بتایا کہ ہمارے دفتر کی دیواریں ٹوٹ گئی ہیں، بجلی بند ہے، پانی کے نلکے خشک ہو گئے ہیں اسلئے ہم اپنا دفتر استعمال نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک صرف ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ 62 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 24 افراد کو طبی امداد کیلئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ صدر روڈریگو ڈیوٹرٹے زلزلے میں پھنس گئے تھے تاہم انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتدائی طور پر بتایا کہ یہاں پر سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔