مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

پیر 16 دسمبر 2019 14:13

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے کہا ہے کہ صحت کے معیار کی بہتری اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، صحت کے نظام میں بہتری کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وہ بے نظیر بھٹو ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایمرجنسی، لیبارٹری، واش رومز اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے آئے اہل خانہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے ان کے احوال دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنرنے ایم ایس ہسپتال کو ہدایات جاری کیں کہ مریضوں اور ان کے ساتھ دیکھ بھال کیلئے آئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سردی کے موسم میں لوگوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔