Live Updates

حکومت کی بھرپور کوشش ہے معاشی استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے، وزیر اعظم

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بر وقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی،مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے ، اجلاس سے خطاب

پیر 23 دسمبر 2019 17:55

حکومت کی بھرپور کوشش ہے معاشی استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے،پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بر وقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی،مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے ۔

پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی خسرو بختیار، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری پلاننگ و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف وزارتوں کی اب تک کی کاکردگی کی تفصیلی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 380نئی اسکیموں کا اجراء کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ویڑن ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جس کے لئے طویل المدت جامع منصوبہ بندی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ طویل ا لمدت اور جامع منصوبہ بندی کے ضمن میں بین الوزارتی روابط اور کوارڈینیشن کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے مختلف منصوبوں کی منظوری اور منظور شدہ منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء کے عمل کو سہل بنا دیا ہے تاکہ کوئی منصوبہ فنڈز کی کمی یا تاخیر کی وجہ سے التوا کا شکار نہ ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بر وقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

اس تناظر میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی ترقیاتی منصوبہ یا اسکیم سرخ فیتے یا کسی دیگر وجوہات کی بنا پر کسی قسم کی تاخیر یا التوا کا شکار نہ ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ضمن میں حکومتی وسائل برؤے کار لانے کے ساتھ ساتھ حکومت نجی شعبے کو بھی اس عمل میں شامل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات