ایران نے امریکا کو جواب دینے کی تیاریاں شروع کر دیں

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا، امریکا کو قاسم سلیمانی کی موت کا جواب دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 جنوری 2020 21:31

ایران نے امریکا کو جواب دینے کی تیاریاں شروع کر دیں
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جنوری2020ء) ایران نے امریکا کو جواب دینے کی تیاریاں شروع کر دیں، غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا، امریکا کو قاسم سلیمانی کی موت کا جواب دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایرانی قیادت فیصلہ کرے گی کہ امریکے حملے کا کس انداز میں جواب دیا جائے۔ اجلاس میں ایران کی سول اور ملٹری قیادت شرکت کرے گی۔ دوسری جانبؤ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہاہے کہ ایرانی جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے پیچھے چھپے مجرموں سے سخت انتقام لیں گے۔

(جاری ہے)

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے بعد مزاحمتی تحریک مزید طاقت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔

بغداد میں امریکی حملے پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی پر حملہ عالمی دہشت گردی ہے، امریکا کو اس حرکت کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ جبکہ ایران کے وزیر دفاع نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کھلی جارحیت کے تمام مرتکبین سے انتقام لیا جائے گا۔ایران کے وزیر دفاع امیر حاتمی نے کہا کہ بلا شک اس ہولناک جرم کا جو امریکہ کے سیاہ اور دہشت گردانہ کارناموں اور علاقے اور عراق میں اس کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ایک اور باب کا اضافہ ہوا ہے بھر پور اور دندان شکن جواب دیا جائے گا۔