یوکرائن نے طیارہ حادثے کے بعد ایران سے معاوضے کا مطالبہ کر دیا

طیارے کی تباہی پر ایران ذمہ داروں کو سزا دے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرے۔ یوکرائنی صدر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 11 جنوری 2020 15:18

یوکرائن نے طیارہ حادثے کے بعد ایران سے معاوضے کا مطالبہ کر دیا
یوکرائن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 11 جنوری 2020ء) یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرینی طیارے کی تباہی پر ایران ذمہ داروں کو سزا دے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرے۔تفصیلات کے مطابق یوکرائن کے صدر نے مسافر طیارے کی تباہی کے اعتراف کے بعد ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ طیارے کی تحقیقات کے لیے یوکریں کے ماہرین کو رسائی دی جائے۔

انہوں نے میزائل حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔یوکرائن کے صدر نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے ایران نے یوکرائنی طیارے کوغیر ارادی طور پرمار گرانے کا اعتراف کیا تھا۔ایرانی فوج نے غلطی سے یوکرائنی طیارے کو نشانہ بنایا، طیارے کو نشانہ بنانا "انسانی غلطی" ہے۔

(جاری ہے)

ایران نے یوکرائنی طیارے کو مار گرانے کی غلطی کو تسلیم کر لیا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے فوج کا حوالہ دیتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ ان کی فوج نے غلطی سے یوکرائنی طیارے کو مار گرایا تھا۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا ٹوئیٹر پیغام میں کہا واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آرمی کی جانب سے تحقیقات کے ابتدائی نتائج سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکی مہم جوئی کے سبب پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے طیارہ انسانی غلطی کا شکار ہوا۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت بھی کی ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ ان کی فوج نے غلطی سے یوکرائن کے مسافر طیارے کو نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ طیارہ حادثہ میں 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔