جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے

وادی نیلم میں گھر پرگرنے والے برفانی تودے سے 6 سالہ بچی کو بائیس گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا، گزشتہ روز برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی گھر کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے

Usama Ch اسامہ چوہدری منگل 14 جنوری 2020 20:44

جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے
مظفر آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 14 جنوری 2020) : جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، وادی نیلم میں گھر پرگرنے والے برفانی تودے سے 6 سالہ بچی کو بائیس گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا، گزشتہ روز برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی گھر کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق 22 گھنٹے بعد برفانی تودے تلے دبی 6 سالہ بچی کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ مذکورہ بچی صفیہ کے دو بھائیوں سمیت ایک ہی گھر کے 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے تقریبا 80 کلومیٹر دور وادی نیلم کے علاقہ کیل سے ملحقہ گاوں کنڈیاں والابیلہ میں سوموار کے روز ایک برفانی تودہ گرنے سے تین رہائشی مکانات زمین بوس ہوگئے تھے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد موقع پر جان بحق ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مالک مکان زعفران کی بیویایک بیٹا اور ایک بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میںوقار ولد زعفران، صائمہ دختر زعفران اور پروین زوجہ زعفران شامل ہیں جبکہ ایک اور اطلاع کے مطابق ضلع نیلم کے علاقہ لوات بالا میں تین سکول کی بچیاں ایک برفانی تودہ گرنے کے زد میں آگییں تھیں جن میں گرلز ہائی سکول لوات کی آٹھوین جماعت کی طالبہ موقع پر جاں بحق جبکہ دو طالبات زخمی ہوگئیں تھیں جنہیں فوری طبی امداد دے کر مقامی ہسپتال سے فارغ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک اور حادثے میں ضلع پلندری میں شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے نویں جماعت کا طالب علم دانش مجید ولد عبدالمجیدنیریاں تراڑکھل میں جان بحق ہوگیا تھا۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ رات سے شدید برف باری اور بارشوں کیوجہ سے بالائی مقامات پرلینڈ سلاییڈنگ اور برفانی تودے گرنے سے مختلف مقامات پر راستے بند ہونے کے باعث ضلعی صدرمقامات سے رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔