حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے 10 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر دی، ملک عمر فاروق

بدھ 15 جنوری 2020 21:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) :معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔ بزدار حکومت نے زراعت کے فروغ اور کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کی غرض سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے 10 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس سے ایک لاکھ 60 ہزار کسان مستفید ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے پنجاب کے مختلف دیہاتوں سے آئے ہوئے کسانوں کے ایک 16رکنی نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے چوہدری اصغر کمبوہ کی قیادت میں ان سے منسٹر بلاک میں ملاقات کی۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ بزدار حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قرضوں کے حصول کے لیے فرد کے اجراء اور کسانوں کے لیے بینک کی سطح پر راضی انتقال کا عمل ون ونڈو کے ذریعے آسان ترین بنا دیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں 23 بینکوں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ تک رسائی فراہم کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے کسان دوست اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ جلال پور کینال میگا پراجیکٹ بزدار حکومت کا کریڈٹ ہے جس کا براہ راست فائدہ کسانوں کو ہوگا۔ اس منصوبے پر 32 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور تقریبا 4 لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جلال پورمحض ایک نہر نہیں بلکہ ایک مکمل ابپاشی نظام ہے جس کے تحت رسول بیراج سے خوشاب تک 117 کلومیٹر طویل نہر بنائی جائے گی اوراس سے منسلک رابطہ نہروں کی لمبائی 93 کلومیٹر ہوگی۔

منصوبے کی تکمیل سے خوشاب اور پنڈدادنخان کے 80 دیہاتوں میں زرعی انقلاب آئے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کھیتوں کی سیرابی کے ساتھ ساتھ 26 دیہاتوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے 17 واٹر ڈرنکنگ آؤٹ لیٹ بھی بنائے جارہے ہیں۔ ملک عمر فاروق نے وفد کو یقین دلایاکہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے بہت جلد وزیراعلی پنجاب سے رابطہ کریں گے اور انشاء اللہ ان مسائل کا فوری حل نکال لیا جائے گا۔