سچوان نارمل یونیورسٹی چین اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے آٹھ رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

جمعرات 16 جنوری 2020 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) سچوان نارمل یونیورسٹی چین اور جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے آٹھ رکنی وفد نے بدھ کے روز کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کا دورہ کیا۔دورے کے دوران وفد نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے طلبہ اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے چیئر مین ڈاکٹر محمد عاصم اور فیکلٹی ممبران اور چیئرمین شعبہ ریاضیات جامعہ کراچی ڈاکٹر نجیب عالم خان بھی موجودتھے۔وفد نے حاضرین کو نے بتایا کہ سچوان نارمل یونیورسٹی جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو سالانہ 20 اسکالرشپ فراہم کرے گی۔وفد نے دونوں جامعات کے مابین فیکلٹی ایکسچینج کو یقینی بنانے اور جامعہ کراچی کے ایم فل ،پی ایچ ڈی سپروائزبننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفد نے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے ریسرچ جرنلزکا حصہ بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور آن لائن ویڈیوکانفرنسز اورویبینارز کے انعقاد کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔وفد نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے عنقریب شائع ہونے والے جرنل کا حصہ بننے کے لئے اپنے ایک نمائندے کا نام دینے کی بھی تجویز پیش کی جو ان کی باہمی مشاورت سے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے ریسرچ جرنل کی انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے ممبر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے گا۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے شعبہ جاتی صدور اور فیکلٹی ممبران دوسرے سال کے دوران زیر تعلیم ذہین اور باصلاحیت طلبہ کی فہرست مرتب کریں تاکہ وہ تھر ڈایئر کی تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں چینی زبان سیکھ سکیں تاکہ ان طلبہ کو اپنے آخری تعلیمی سال کے سیمسٹر مکمل کرنے کے لئے چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی بھیجا جاسکے۔آخر میں وفد نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی مختلف کلاسز کا دورہ بھی کیا اور طلبہ وفیکلٹی ممبران سے دوران گفتگو اسکالر شپ اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :