ایشیا کپ پاکستان کی بجائے بنگلہ دیش میں ہونیکا امکان

پاکستان ایشیائی ایونٹ کا میزبان ہیمگر شاید وہ ٹورنامنٹ کا انعقاد نہ کرپائے کیونکہ بھارت وہاں کا ٹورنہیں کریگا:نظام الدین

جمعہ 17 جنوری 2020 22:01

ایشیا کپ پاکستان کی بجائے بنگلہ دیش میں ہونیکا امکان
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2020ء) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ایشیا کپ ڈیل کا تاثر زور پکڑنے لگا۔بنگلادیش کی جانب سے اچانک پاکستان کے ایک نہیں بلکہ یکے بعد دیگر 3 ٹورز پر راضی ہونے کے بعد سابق کپتان راشد لطیف نے خیال ظاہر کیا کہ پی سی بی نے اس ٹور کے بدلے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلادیشی بورڈ کو دیدی ہے، اب بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین کی جانب سے ایک معنی خیز بیان سامنے آیا جس سے ڈیل کا تاثر زور پکڑنے لگا ہے۔

اگرچہ نظام کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور پاکستان کے ٹور کے درمیان کوئی تعلق نہیں مگر ان کی باتیں کچھ اور ہی کہانی سنا رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ایشیا کپ اور ہماری پاکستان کے ساتھ سیریز کے درمیان کوئی بھی تعلق نہیں ہے، حال ہی میں دبئی میں میٹنگ کے سائیڈ لائن میں ایشیا کپ کے وینیو کے بارے میں بات ہوئی تھی، پاکستان ایشیائی ایونٹ کا میزبان ہے مگر شاید وہ ٹورنامنٹ کا انعقاد نہ کرپائے کیونکہ بھارت وہاں کا ٹور نہیں کریگا۔

(جاری ہے)

نظام الدین نے یہ بھی کہا کہ ہوسکتا ہے کہ پاکستان بھارت کے میچز کی میزبانی دبئی یا ملائیشیا میں کرنے کی تجویز دے مگر یہ حقیقت سے قریب تر نہیں ہوگی کیونکہ اس سے ٹورنامنٹ کے اخراجات اور دورانیہ بڑھ جائے گا۔ آخر میں نظام الدین نے اصل مدعا زبان پر لاتے ہوئے عندیہ دیا کہ پاکستان کی جانب ٹورنامنٹ اپنے ملک میں منعقد نہ کرپانے پر بنگلادیش کے ایشیا کپ کی میزبانی کا امکان موجود ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ نہ ہونے سے پاکستان کو 3 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا، آئندہ ماہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہے، اگر ہم نے وہاں پر میزبانی کی خواہش ظاہر کی تو پھر اس پر بات ہوسکتی ہے، اب یہ پاکستان کی مرضی ہوگی کہ وہ ہماری تجویز سے اتفاق کرے یا نہ کرے۔