سرگودھا ، حکومت پنجاب کا سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کا پائلٹ منصوبہ ابتداء میں ہی فلاپ ہونے کا امکان

ہفتہ 18 جنوری 2020 22:49

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) مختلف ایشوز اور رکاوٹوں کے باعث ضلع سرگودھا میں حکومت پنجاب کا سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کا پائلٹ منصوبہ ابتداء میں ہی فلاپ ہوتا نظر آ رہا ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منصوبہ شروع کرنے سے قبل ضلع سرگودھا کے تعلیمی اداروں کے لحاظ سے سکریننگ کے دستیاب وسائل اوراسی طرح مانیٹرنگ جیسے اہم عمل کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئیں،شاہ پور میں اس منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر صرف 2ہزار سکریننگ کاڈز دیئے گئے ،جو کہ نہ ہونے کے برابر ثابت ہوئے اور اس کے بعدصوبائی حکام سے تاحال سکریننگ کارڈز موصول نہیں ہو سکے ،ایک ہی وقت میں بچوں کی ٹریٹمنٹ اور ریفر کرنے کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ کی دستیابی،نقل و حمل ، یونین کونسلوں سے فیڈ بیک کا حصول جیسے امور ابھی تک مبہم ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر آن لائن ڈیٹا فیڈنگ میں بھی بے پناہ مشکلات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث چھٹیوں سے قبل کی گئی سکریننگ کا ڈیٹا نہیں بھجوایا جا سکا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متذکرہ ایشوز کے چھٹیوں سے قبل حل اور معاملات کو جلد از جلد مربوط بنانے کیلئے سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی جا رہی ہیں