پاکستان بیت المال کے ایم ڈی نے کوئٹہ میں شدید سردی میں جوتے پالش کرنے والے ننھے بچے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر کا نوٹس لے لیا‘ پاکستان بیت المال کی جانب سے ننھے بچے اسد اللہ کے والد محمد شفیع کو 60 ہزار روپے مالیت کا امدادی چیک جاری

پیر 20 جنوری 2020 00:20

پاکستان بیت المال کے ایم ڈی نے کوئٹہ میں شدید سردی میں جوتے پالش کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹرعون عباس بپی نے کوئٹہ میں شدید سردی میں جوتے پالش کرنے والے ننھے بچے اسد اللہ ولد محمد شفیع کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان بیت المال کی جانب سے اسد اللہ کے والد محمد شفیع کو 60 ہزار روپے مالیت کا امدادی چیک جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بیت المال کی طر ف سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام سکول میں اسد اللہ کو داخلہ بھی دے دیا گیا اور اسے مکمل یونیفارم، درسی کتب، سکول بیگ اور جوتے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ مینیجنگ ڈائریکٹرعون عباس بپی کی ہدایت پر پاکستان بیت المال اسد اللہ کو ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کرے گا اوراس کی گریجویشن تک کے تمام تعلیمی اخراجات پاکستان بیت المال برداشت کرے گا۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام نادار و مستحق افراد کی عزت و نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیںبلاتفریق مدد فراہم کرنا پاکستان بیت المال کی اولین ذمہ داری ہے۔