ویمن یونیورسٹی میں کمپیوٹرکے شارٹ کورسزکااجراء،5طالبات کووظائف بھی دیئے جائیں گے

منگل 21 جنوری 2020 17:41

ملتان ۔21جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) ویمن یونیورسٹی ملتان میںکمپیوٹرکے شارٹ کورسزکااجراء کیاجارہاہے تاکہ طالبات کمپیوٹرکے شعبے میں مہارت حاصل کرسکیں۔ان خیالات کااظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار کے دوان کیا۔انہوںنے کہا کہ یہ کمپیوٹر کا دور ہے۔انہوںنے کہاکہ ویمن یونیورسٹی کا شعبہ آئی ٹی کمپیوٹر کی تعلیم دینے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے، اب یونیورسٹی نے نجی شعبے سے ملکر شارٹ کورسز کی تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکے طالبات ابھی سے اپنی آمدنی کا ذریعہ بناسکیں، ان کورسز میں گرافک ڈیزائننگ، سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ ، موشن گرافک اور فری لانسنگ شامل ہیں۔

جن میں طالبات اپنی صلاحتیوں کو آزماسکتی ہیں اور ان مضامین کو ان کے نصاب میں بھی شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالج ایڈمائر سید فرحان علی نے کہا کہ انفارمشین ٹیکنالوجی کے دور میں نوجواں نسل کی عملی تربیت بہت ضروری ہے، اس وقت آئن لائن جاب کے ذریعے لوگ گھر بیھٹے پیسے کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار ان تمام لوگوں کے لئے ایک موقع ہے جو تربیت حاصل کرکے عملی زندگی میں کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عملی تربیت کے بعد طالبات کو بہتر طور پر آئن لائن روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالج نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کی 5 طالبات کو فری انٹرنشپ اور ماہانہ 2000 روپے دیئے جائیں گے۔ سیمینار سے سید وصی احمد، سید عثمان، طلحہ شیخ، اسامہ بخاری، فہد مصدق نے بھی خطاب کیا اور مختلف کورسز کے بارے میں طالبا ت کو آگاہ کیا۔