بی آر ٹی پشاور منصوبے کی تکمیل کیلئے نئی ڈیڈلائن سامنے آگئی

جون2020ء سے پہلے منصوبہ مکمل کرلیں گے،اے ڈی بی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کا معاہدہ جون 2021ء ہے۔ وزیرٹرانسپورٹ خیبرپختونخواہ شاہ محمد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 جنوری 2020 18:34

بی آر ٹی پشاور منصوبے کی تکمیل کیلئے نئی ڈیڈلائن سامنے آگئی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جنوری 2020ء) بی آر ٹی پشاور منصوبے کی تکمیل کیلئے نئی ڈیڈلائن سامنے آگئی، وزیرٹرانسپورٹ خیبرپختونخواہ شاہ محمد نے کہا کہ جون 2020ء سے پہلے منصوبہ مکمل کرلیں گے،اے ڈی بی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کا معاہدہ جون 2021ء ہے۔ تفصیلات کے مطابق بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور منصوبہ خیبرپختونخواہ حکومت کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے، جس کو نگلنا اور اگلنا حکومت کیلئے انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

بی آرٹی منصوبہ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی حکومت کے دور میں شروع ہوالیکن سالوں بعد بھی منصوبہ مکمل نہیں کیا جاسکا۔ منصوبے کی عدم تکمیل پر شہریوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ وزیرٹرانسپورٹ خیبرپختونخواہ شاہ محمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بی آرٹی پراجیکٹ کو شروع کرنا ایک مجبوری تھی۔

(جاری ہے)

اب جون2021ء کو منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ رکھی گئی ہے۔

لیکن کوشش ہےکہ منصوبے کو اسی سال مکمل کیا جاسکے۔ اے ڈی بی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کا معاہدہ جون 2021ء ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جنوبی اضلاع کے لیے موٹروے کی منظوری دی ہے۔ دوسری جانب بی آر ٹی میں ریچ تھری میں کارخانوں کے مقام پرکام شروع کردیا گیا ہے آئی ٹی ایس کی تنصیب ریچ ون پر مکمل ہونے کے بعد ریچ ٹو اور ریچ تھری پر بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

میٹرو بس کے روٹس اور بس سٹاپس کو مختلف رنگوں کے پھولوں کی بیلیں بھی لگائی جائینگی۔ ریچ ٹو کے تمام سٹیشنوں پر تعمیراتی کام اور سول ورک مکمل ہونے کے بعد ٹیکنیکل کام شروع کردیا گیا ہے۔ منصوبے میں مزید تاخیر امکان نہیں اور منصوبہ اپنے مقررہ ڈیڈ لائن پرمکمل ہوگا ٹکٹنگ سسٹم، وائی فائی سسٹم کی تنصیب کا کام ریچ ٹو پر شروع کردیا گیا ہے اور فروری میں ریچ تھری پربھی شروع کردیا جائے گا۔

کارخانوں مارکیٹ، کوہاٹ روڈ، باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ روڈپر بھی سٹیشنوں کا کام مکمل کیا گیا ہے تمام خامیوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات تیزکردیئے گئے ہیں۔ ریچ ون پر کامیاب تجرباتی سروس روزانہ کی بنیاد پر شروع ہے۔ پراجیکٹ کے ترجمان کے مطابق کام 24 گھنٹے جاری ہے جس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔