آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2020: پاکستان کل زمباوے کے مدمقابل آئے گا

جیت سے سپرلیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائینگے

منگل 21 جنوری 2020 22:02

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2020: پاکستان کل زمباوے کے مدمقابل آئے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2020ء) اسکاٹ لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے کے بعد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بدھ کو زمباوے کے مدمقابل آئے گی۔ زمباوے کے خلاف جیت سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف 76 رنز کا ہدف محض 12ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

دوسری جانب زمباوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، میچ میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم نے زمباوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

(جاری ہے)

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری پول میچ 24 جنوری بروز جمعہ کو بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ اسی روزدونوں ممالک کی سینئر ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

اس سے قبل 13مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ کے تمام ایڈیشنز کے سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم 5 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے، جس میں 2 مرتبہ قسمت کی دیوی پاکستان پر مہربان رہی۔اتوار کے روز قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وسیم جونیئر نیاسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے میچ کے دوران 7.5 اوورز میں 12 رنز کے عوض5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف اس میچ میں طاہر حسین نے 3اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں تھی۔نوجوان بلے باز محمد حارث اسکاٹ لینڈ کے خلاف فائنل الیون کا حصہ تو تھے مگر کم اسکور کے باعث میچ میں انہیں بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔محمد حارث کاکہنا ہے کہ انڈر 19 کرکٹ، ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کوئی بھی نوجوان کرکٹر قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

نوجوان بلے باز کا کہنا ہیکہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔نوجوان کرکٹرکا کہنا ہیکہ انگلینڈ کے جوز بٹلر ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں اور وہ ان کی طرح مڈل آرڈر میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے خواہش مند ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد حارث نے کہا کہ بچپن سے انہیں کرکٹر بننے کا شوق تھا۔

انہوں نے 9 سال کی عمر میں گلی کرکٹ کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نیپروفیشنل کرکٹ کا آغاز سال 2015 میں کیا۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ اس لحاظ سیاپنے آپ کو ایک خوش قسمت کرکٹر سمجھتے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے انہیں والد ین کی بھرپور اسپورٹ تھی اور انہوں نے اس کا خوب فائدہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر سات دن بعد اتوار کی آمد کا بیصبری سے انتظار کرتیتھے۔

نوجوان اسپنر آرش علی خان اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں فائنل الیون کا حصہ نہیں تھے مگر وہ موقع ملنے پر ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔آرش علی خان کا کہنا ہے کہ اے سی سی ایشیا کپ 2016 میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کابھارت کے خلاف اسپیل انہیں آج بھی یاد ہے۔یادگار اسپیل میں محمد عامر نیروہت شرما ، اجنکا رہانے اور سریش رائنا کو پویلین کی راہ دکھائی تھی تاہم پاکستان میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکا تھا۔

نوجوان اسپنر نے کہا کہ پاکستان کے اسپنر محمد نواز ان کے پسندیدہ باؤلر ہیں تاہم سری لنکا کے سابق اسپنر رنگنا ہیراتھ ان کے آل ٹائم فیورٹ کرکٹر ہیں۔ آرش علی خان کاکہنا ہے کہ وہ میگا ایونٹ سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مشتاق احمد نے کھیل میں نکھار کے لیے مفید مشورے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران مشتاق احمد کی موجودگی بہت سود مند ثابت ہوئی جس کے نتائج آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں سامنے آئیں گے۔