ٹڈی دل کے حملہ سے بچاؤ ‘ مشقیں‘ سپرے اور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 22 جنوری 2020 16:47

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے فصلوںکو ٹڈی دل کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے مشقوں( موک ایکسرسائزز) کے علاوہ روایتی آلات ‘ میڈیکل طریقے کار ‘ ادویات ‘ سپرے کے ساتھ ساتھ کسانوں میں آگاہی مہم کا بھی آغاز کر دیاہے۔اس ضمن میں تمام تحصیلوں میں کسانوں کے سیمینار منعقدکئے جارہے ہیں ۔

محکمہ زراعت کی ٹیمیں تحصیل ساہیوال ‘ شاہپور ‘ بھیرہ ‘ میانی میں فصلوں کے دورے کر رہی ہیں اور تکنیکی مہارت کے حامل زرعی ماہرین ٹڈی دل کاجائزہ لے رہے ہیں ۔محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق تاحال علاقے میں ٹڈی دل کے خطرات اور پھیلا و کا کوئی امکان نہیں تاہم کسانوں کی طرف سے پیش بندی ضروری ہے ۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر سید ہاشم رضا نے بتایاہے کہ محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق ٹڈی دل ابھی ضلع بھکر کی تحصیل منکیرہ تک محدود ہے اور ضلع سرگودہا میں ابھی داخل نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطا بق توقع کی جارہی ہے کہ ٹڈی دل انتظامیہ او رمحکمہ زراعت کی پیش بندی کے باعث پہاڑی علاقوں کا رخ کر لے گی جہاں اسے تلف کر دیا جائیگا ۔ تحصیل ساہیوال کے محکمہ توسیع زراعت کے جائزہ کے مطابق تحصیل میں ٹڈی دل کے حملہ کو روکنے کیلئے کرم کش ‘ سپرے مشینیں ‘ گاڑیاں اور عملہ اپنی تیاری مکمل کر چکاہے جبکہ موک ایکسرسائز بھی کر لی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے دریائے جہلم کے ساحلی علاقے کے دورے مکمل کر لئے ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ واثق عباس ہرل کے مطابق تحصیل میں کسانوں کو آگاہی کیلئے مساجد ‘ میڈیا اور ریونیو اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ہارٹیکلچر آفیسر ڈاکٹر بشارت علی نے ضلع بھر میں یونین کونسل کے سیکرٹریوں کو ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے تربیتی ورکشاپس مکمل کر لی ہیں۔