پوری مسلم اُمہ کی ترقی اور تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ میںپنہاں ہے، ڈاکٹر خالد محمود عراقی

بدھ 22 جنوری 2020 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پوری مسلم اُمہ کی ترقی اور تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ میںپنہاں ہے۔عصر حاضر میںمسلم اُمہ کودرپیش مسائل اور چیلنجز کامقابلہ حضور ؐ کی سیرت مبارکہ سے رہنمائی حاصل کئے بغیر ممکن نہیں ہے جس سے دیگر اقوام عالم استفادہ کررہی ہیں،ہمیں صداقت امانت اور ایفائے عہدکے وصف کو اپنی ذاتی زندگی میں شامل کرنا چاہیئے ،حقوق العباد اور اسلامی تعلیمات سے معاشرے کو مہمیز کرنا ہوگا۔

عصر حاضر میں درپیش چیلنجز کی بڑی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔انہوںنے طلباوطالبات اور دیگر حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیرت رسولؐ کو اپنے کردار وگفتار سے ثابت کریں ،چونکہ اسلام سلامتی کا دین ہے تو اس کا عکس ہر انسان کی زندگی پر بھی ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت مصطفیﷺ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ ’’محفل میلا النبیؐ وشان غوث اعظم ؒ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہصرف قانون بنادیناکافی نہیں ہے،بلکہ سب سے اہم کا م اس پر عمل کرناہے،حضورؐ نے اپنی عملی زندگی سے زندگی گزارنے اور دوسروں کی حقوق کی ادائیگی کا طریقہ بتایا۔ ماضی میں مسلمانوں نے علم سے رشتہ استوار کیا جس کے نتیجے میں عروج پایا،جب علم سے رشتہ منقطع ہوا تو تنزلی کی طرف گامزن ہوئے۔ہمیں سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے عصر حاضر کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

معروف مذہبی اسکالر علامہ مظفر حسین شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں کی صحبت اختیار کرنا اور ان سے تعلق رکھنا ایمان کی تازگی کا ذریعہ بنتاہے۔اس طرح کی محافل کا تواتر سے انعقاد اور بالخصوص تعلیمی اداروں میں انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے ان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ اگر ہمیں دنیا میں امن اور عدل قائم کرنا ہے توہمیں نظام مصطفی ؐ کو نافذ کرنا پڑے گا،اسی میں ہی ہماری دینی اور دنیاوی کا میابی کا راز پنہاں ہے۔ہمیں صرف باتیں نہیں بلکہ اس کے لئے عملی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔سابق رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے کہا کہ سیر ت مصطفیؐ پر عمل پیرا ہوئے بغیر زندگی میں انقلاب نہیں آسکتا۔سرکاردوعالمؐ پر صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی فخر کرتے ہیں اور آپؐ کے کردار کی مثالیں دیتے ہیں کیونکہ آپ ؐبانی امن ومحبت ہیں۔ #

متعلقہ عنوان :