سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سرکاری مشینری مرمت نہ کرکے اسے ناکارہ کرکے ورکشاپ میں کھڑی کررہی ہے،ملک نواز

جمعرات 23 جنوری 2020 00:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کے جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ ایم ڈی سولڈ ویسٹ کی توجہ بار بار سرکاری مشینری کی مرمت نہ ہونے سے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ عدم مرمت سے مشینری کو ناکارہ کرکے ورکشاپوں میں کھڑا کرنے پر دلوانے کے باوجود چائنیز کمپنی کے ذمہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور اب صورتحال یہ ہوچکی ہے کہ بلدیہ شرقی کے دونوں زون میں 57 گاڑیاں ناکارہ کرنے کیلئے کھڑی کردی گئی ہیں اور صرف 9 سرکاری گاڑیاں بلدیہ شرقی کے دونوں زونوں میں چلائی جارہی ہے۔

معاہدے کے تحت چائنیز کمپنی کو 20 فیصد سرکاری گاڑیوں کو چلاکر انکا کرایہ ادا کرنے اور ان کی مرمت و دیکھ بھال کی ذمہ داری ادا کرنا ہے لیکن چائنیز کمپنی نہ تو کرایہ ادا کررہی ہے اور نہ ہی چلنے والی مشینری کی مرمت دیکھ بھال کا فرض ادا کررہی ہے جس سے مرحلے وار مشینری ناکارہ ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی وائس چیئرمین لالہ اورنگزیب تاج کے ہمراہ ناکارہ گاڑیوں کا محمود آباد ورکشاپ میں معائنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر سرکاری مشینری کو ناکارہ کیا جارہا ہے تاکہ اداروں کو چائنیز کمپنی کا محتاج بنایا جاسکے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بہرہ مند شہزادہ، جان محمد بلوچ، گل اسلام اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :