سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیورز کے لیے گاڑیاں جیتنے کا سنہری موقع

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے ٹریفک ضوابط کی پابندی کرنے والے افراد کو 10 گاڑیاں اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جا ئیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 جنوری 2020 12:33

سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیورز کے لیے گاڑیاں جیتنے کا سنہری موقع
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2020ء) سعودی مملکت میں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں جن میں ڈرائیور کے پیشے سے وابستہ پاکستانیوں کی گنتی بھی پانچ لاکھ سے زائد ہے۔ ان میں گھریلو اور نجی و سرکاری کمپنیوں اور اداروں میں تعینات ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے ٹریفک قوانین و ضوابط کے پابند افراد کے لیے ایک سنہری سکیم کا آغاز کیا گیا ہے، جس سے ذمہ دار پاکستانی ڈرائیورز بھی فائدہ اُٹھا کر مہنگی گاڑیوں کے مالک بن سکتے ہیں۔

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں ٹریفک قوانین کے پابند ڈرائیوروں کے لیے 10 گاڑیاں اور تعریفی سرٹیفکیٹ انعام کے طور پردینے کی مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد مملکت میں مقیم شہریوں اور تارکین میں ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے شعور و آگہی میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس مہم کے تحت ذمہ دار اور قواعد و ضوابط کے پابند ڈرائیورز کو دس گاڑیاں بطور انعام دی جائیں گے اور ساتھ میں انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی پیش کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایک ہزار ریال کے کیش انعامات بھی دیئے جا رہے ہیں۔اس مہم کا آغاز ریاض شہر سے کیا جا رہا ہے۔ سعودی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ انعامی مہم روڈ سیکیورٹی نیشنل سینٹر کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔ انعامی گاڑیاں اور تعریفی اسناد بہترین ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو سڑک پر ہی دی جائیں گی۔جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ضوابط کے پابند ڈرائیورز کا شکریہ بھی ادا کیا جا رہا ہے۔ یہ انعامات ایسے ڈرائیورز کو دیئے جائیں گے جوحفاظتی بیلٹ باندھنے، دورانِ ڈرائیونگ موبائل استعمال نہ کرنے، دائیں بائیں کے انڈیکیٹر دینے کے علاوہ رفتار اور لین کی پابندی پر بھی پُوری طرح عمل کر رہے ہیں۔ ڈرائیورز کو دی جانے والی گاڑیاں Kia کمپنی کی ہیں۔