وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان سے واپسی پر اچانک بہاولپور پہنچ گئے

بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بننے والے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ،زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی

جمعرات 23 جنوری 2020 21:56

وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان سے واپسی پر اچانک بہاولپور پہنچ گئے
بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداربلوچستان سے واپسی پر اچانک بہاولپور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بننے والے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پورمیں زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج بچوں کے لواحقین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ سینٹر میں زیرعلاج ایک طالبہ آمنہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سر! میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ بیٹی آمنہ کی مزید تعلیم کیلئے فوری اقدامات کریں اور آمنہ کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت اٹھائے گی اور اسے اچھے تعلیمی ادارے میں داخل کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر کی عمارت کے مختلف حصے دیکھے اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرکیلئے 90 کروڑ روپے کے فنڈز فی الفور فراہم کئے جائیں گے اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد آپریشنل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت بون میرو ٹرانسپلانٹ کے منصوبے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرے گی اور یہ منصوبہ ہر صورت اگلے مالی سال میں فنکشنل ہو جائے گا۔

منصوبے کیلئے ضروری مشینری اور آلات خریدے جائیں گے۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب سمیت دیگر علاقو ں کے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی کیونکہ جنوبی پنجاب میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا دورہ کرکے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کی ہے اور انشاء اللہ ہماری حکومت اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کرے گی اور تھیلیسیمیا اور بون میرو کے مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سرمحمد صادق خان عباسی کے نام منسوب کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سول ہسپتال بہاولپورکو نواب سرمحمد صادق خان عباسی کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز مناسب ہے اور ہم سول ہسپتال بہاولپور کا نام نواب سرمحمد صادق خان عباسی سے منسوب کرنے کا جائزہ لیں گے کیونکہ نواب سرمحمد صادق خان عباسی کی بہاولپور کیلئے بہت خدمات ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے صحافیوں کیلئے جرنلسٹ کالونی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد اقدامات کئے جائیں گے اور صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولپور شہر کا بھی دورہ کیا اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوارہ چوک میں آٹے کے سیل پوائنٹ کا بھی اچانک دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے ٹرسٹ پارک کی صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور کمشنر بہاولپور ڈویژن کو ہدایت کی کہ پارک کی صفائی کو بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیل پوائنٹ پر شہریوں کو آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ پنجاب میں آٹا وافر دستیاب ہے اور 20کلو آٹے کا تھیلہ 805روپے میں عوام کو فراہم کیا جارہا ہے۔

میں خود آٹے کی دستیابی کیلئے فیلڈ میں جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لے رہا ہوں۔پنجاب بھر میں آٹے کے سیل پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور آٹا سیل پوائنٹس عوام کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک اورانتظامیہ کی کاوشوں سے صورتحال معمول پر ہے۔ کسی کو آٹے کی قیمت بڑھانے نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ کو تھیلیسمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرکے منصوبے کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ پر اب تک تقریباً 23 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔

اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، آر پی او فیاض احمد دیو، ڈپٹی کمشنر شوذب سعید، ڈی پی او صہیب اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر آصف طفیل اور میڈیکل کالج کے پروفیسرز موجود تھے۔