وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کا باغ ناران پشاور آمد، عوامی تجاویز پر موقع پر ہی احکامات جاری کر دئیے

جمعہ 24 جنوری 2020 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے سب سے پہلے عوام پھر آرام وژن کے تحت جمعہ کو پشاور کے مصروف ترین پارک باغ ناران کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ اور ڈپٹی ڈایئریکٹر پی ڈی اے ہارٹیکلچر منظور یوسف نے معاون خصوصی کو بریفنگ دی۔

باغ ناران میں فراہم کی گئی مختلف سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ باغ ناران خیبرپختونخوا کا واحد پارک ہے کہ جس کو نہ صرف پاکستانی بلکہ افغان شہری بھی استعمال کرنے آتے ہیں۔ یہاں پر جلد از جلد بین الاقوامی معیارکا ایک وزٹر سہولت پوائنٹ قائم کیا جائے جہاں پر آنے والے والوںکو پارک کے حوالے سے تمام معلومات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

وہاں پر موجود لوگوں سے مصافحہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے ان سے باغ کی بہتری بارے تجاویز بھی لیں اور موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واک ٹریک کو بھی جلد از جلد عوام کے لئے کھول دیا جائیگا۔ اور باغ میں جہاں کہیں بینچز، کرسیاں، واش رومز اور مزید پودے لگانے کی گنجائش ہے وہاں لگائی جائیں۔ سب سے پہلے عوام پھر آرام مشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون بلدیات کامران بنگش نے ریمارکس دئیے کہ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کے بڑے محکمہ جات میں سے ہے جہاں دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے۔

عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دینا ہوگا۔ چترال سے لے کر وزیرستان تک بلدیات کے امور کو انتہائی توجہ کے ساتھ دیکھ رہا ہوں، متعلقہ آفیسرز تیار رہے میں کسی بھی وقت کارکردگی جانچنے آسکتا ہوں۔ انہوں نے صوبے کے سب سے بڑے شہر اور دارالحکومت پشاور کو پاکستان سے خوبصورت ترین شہروں میں شامل کرنے کے متعلق ریمارکس دئیے کہ پشاور میں ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں، پشتخرہ چوک میں ٹریفک مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی احکامات جاری کئے ہیں۔

اسی طرح پشاور کے مختلف مقامات پر اورمزید پل اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی پشاور کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریںکیونکہ حکومت تو کام کرسکتی ہے لیکن انہیں دیرپا بنانے کے لئے عوام کو بھی ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ نئے تعینات شدہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے حال ہی میں محکمہ بلدیات کے تحت عوامی خدمات کی بہترین فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سب سے پہلے عوام پھر آرام وڑن کے تحت عوامی مقامات کے دورے بھی شامل ہیں۔